ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کے 400اسکولوں میں اردوکے ساتھ انگلش میڈیم کاآغازخوش آئند،عبدالعظیم نے اقلیتوں کے لئے اعلان کردہ بجٹ کاخیرمقدم کیا

ریاست کے 400اسکولوں میں اردوکے ساتھ انگلش میڈیم کاآغازخوش آئند،عبدالعظیم نے اقلیتوں کے لئے اعلان کردہ بجٹ کاخیرمقدم کیا

Tue, 09 Mar 2021 11:50:59    S.O. News Service

بنگلورو،9؍مارچ(ایس او نیوز)ریاستی مائنارٹی کمیشن کے چیرمین عبدالعظیم نے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپاکی جانب سے پیش کردہ بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی اوراقلیتی کاذکی پیش رفت کے لیے 1700کروڑکابجٹ فنڈمختص کرتے ہوئے اقلیتوں کے ساتھ انصاف کیاہے۔

بروزپیرایک اخباری اعلامیہ جاری کرتے ہوئے عبدالعظیم نے کہاکہ اقلیتی کمیشن نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتوں کے لیے 2000کروڑروپے بجٹ مختص کرنے کامطالبہ کیاتھا،جومالیاتی سال برائے 2020-21کے بجٹ سے افزوداور2019-20ء میں فراہم کردہ بجٹ سے زیادہ ہوگا۔اس مرتبہ وزیراعلیٰ نے 1700کروڑروپے بجٹ کا اعلان کیاہے۔وزیراعلیٰ نے بجٹ اسپیچ کے دوران کہاکہ ریاست کے جملہ 400اردواسکولوں میں اردوذریعہ تعلیم کے ساتھ انگلش میڈیم شرو ع کرنے کاسرکاری حکمنامہ جاری کیاگیاہے۔اردواسکولوں میں انگلش میڈیم کے آغازکااعلان نہایت خوش آئندہے۔ اردو اسکولوں میں اردوکے ساتھ انگریزی ذریعہ تعلیم اردوطلبہ کی تعلیمی پیش رفت کے لیے مفیدترین ثابت ہوگا۔

انہوں نے حکومت کے اس فیصلہ کوبھی خوش آئندقراردیاکہ مائنارٹی ویلفیرڈپارٹمنٹ کے تحت مرارجی دیسائی رہائشی اسکولوں،ماڈل اسکولوں اورکالجوں میں ٹیکنالوجی بیس لرننگ پروگرام کااعلان کیاگیاہے۔ان اسکولوں اورکالجوں میں زیرتعلیم طلبہ کے تعلیمی معیارکوڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعہ اضافہ کیاجاسکتاہے۔حکومت کا یہ اقدام مائنارٹی طلبہ کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کمیشن نے اس سے قبل حکومت سے مطالبہ کیاتھاکہ کرسچین اورجین طبقہ کے علاحدہ بجٹ فراہم کیاجائے۔حکومت نے اس بجٹ میں شراون بیلے گولہ ضلع ہاسن میں جین مذہبی مقامات کی ترقی کے لیے 50کروڑروپے مختص کیاہے جبکہ مالیاتی سال برائے 2020-21ء میں 20کروڑروپے جاری کئے گئے تھے۔

اس کے علاو ہ مائنارٹی طبقات ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ،محکمہ بہبودی خواتین واطفال،محکمہ شہری ترقیات،محکمہ مویشی پالن وسمکیات کے فنڈ سے استفادہ کا موقع فراہم ہے۔عبدالعظیم نے کہاکہ کورونابحران کے دوران بھی حکومت نے اقلیتوں کے لیے خاطرخواہ بجٹ کااعلان کرتے ہوئے اقلیتوں کے ساتھ انصاف کیاہے۔


Share: